پاکستانی عازمین حج کو کھانا فراہم کرنے والے اداروں پر پونے دو کروڑ کا جرمانہ


فی کس 35 ریال یومیہ ادا کیا جارہا ہے، نگرانی سخت کردی گئی، شکایات کا میکینزم موجود، فوری ازالے پر توجہ مرکوز
مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ)مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو کھانا فراہم کرنے والی 6 کمپنیوں پر پاکستانی حج مشن نے ڈھائی لاکھ سعودی ریال جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں پونے دو کروڑ روپے بنتی ہے۔ اے پی پی نے بتایا کہ رواں سال پاکستان نے عازمین حج کو کھانا فراہم کرنے کے لیے 9 کمپنیوں سے معاہدہ کر رکھا ہے۔ معاہدے کے تحت 70 لاکھ عازمین حج کو کھانا فراہم کیا جانا ہے۔ سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج کی تعداد 56 ہزار سے زائد ہے۔
گزشتہ برس نومبر میں وفاقی کابینہ کی منظوری سے کھانا فراہم کرنے والے اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا معاہدہ کیا گیا۔ یہ کمپنیاں فی کس 35 ریال یومیہ کے نرخ پر کھانا فراہم کریں گی۔ عازمین حج کو فراہم کیے جانے والے کھانے کی تیاری کے عمل کی سختی سے نگرانی کی جارہی ہے تاکہ معاہدے کی کسی بھی شرط کی خلاف ورزی نہ ہو۔
عازمین حج کے لیے تیار کیے گئے مینو میں دالیں، سبزیاں، گوشت، چاول، روٹی، دہی، پھل، مٹھائی، چائے اور پانی شامل ہے۔ شکایات کا میکنزم بھی موجود ہے۔ ایپ کے ذریعے 506 شکایات موصول ہوئی تھیں۔پاکستانی عازمین حج کے لیے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ میں 2 اسپتال اور 11 شفاخانے قائم کیے گئے ہیں۔