استعمال شدہ امپورٹڈ گاڑیاں مزید مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی بجٹ 2024-25 میں استعمال شدہ امپورٹڈ گاڑیاں مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق استعمال شدہ گاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کرنے کی تجویز ہے، بڑی گاڑیوں پر ڈیوٹی کی شرح 70 سے بڑھ کر 100 فیصد تک کرنے کا امکان ہے۔
1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 30 فیصد اضافہ متوقع ہے جبکہ 1800 سی سی تک کی استعمال شدہ گاڑیوں پر 15 فیصد ڈیوٹی لگانے کی تجویز ہے۔ 1800 سی سی تک نئی اور پرانی ہائی برڈ گاڑیوں پر زیرو ڈیوٹی برقرار رہے گی۔
دوسری جانب نئے مالی سال کا بجٹ قومی اسمبلی میں 10جون کو پیش کئے جانے کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ چین کے پیش نظر بجٹ اجلاس کی تاریخ میں تاخیر کی گئی ہے ،قومی اقتصادی کونسل اور وفاقی کابینہ سے بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔