چمن پرلت پر کریک ڈاؤن اوررہنمائوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پشتونخوا میپ

کوئٹہ /اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات طالعمند خان نے چمن پرلت (دھرنے) پر کریک ڈاؤن اوررہنمائوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی و مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کرکے آٹھ مہینوں سے جاری دھرنے کے تمام مطالبات کو منظور کیا جائے . انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبرسے چمن کے عوام اور کاروباری طبقہ اپنا آئینی اور جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے اپنے جائز حقوق کیلئے مسلسل پُرامن احتجاج کررہے اوراس اثناء میں اب تک ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا لیکن حکومت اورریاستی مشینری ان کے آواز سننے کے بجائے اب فسطائی ہتھکنڈوں کے استعمال کرنے پراترآئی ہے .

انہوں نے کہا کہ کل رات پولیس اور دیگر ریاستی اداروں نے احتجاجی کیمپ پر ہلہ بول کر کیمپ کو جلایا اور رہنماؤں کو مذاکرات کے بہانے گرفتار کرکے کوئٹہ منتقل کیا . انہوں نے بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ کے اس بیان کی پرزور مذمت کی جس میں انہوں نے پُرامن احتجاج کرنے والوں پر بغاوت پر اکسانے اور توڑ پھوڑ کا الزام لگایا . انہوں نے کہا کہ اس وقت چمن میں ٹیلیفون اورانٹرنیٹ سروس معطل ہے جو حکومت کے پرتشدد ارادوں اور لائحہ عمل کی غمازی کررہا ہے . اس صورتحال میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی پُرامن احتجاج کرنے والوں کو اپنے ہر ممکن سیاسی واخلاقی تعاون اوراعانت کا یقین دلاتی ہے اور جمہوری سیاسی قوتوں اورانسانی حقوق کے ملکی اورعالمی تنظیموں کو صورتحال پرنظررکھنے اور نوٹس لینے کا اپیل کرتی ہے . . .

متعلقہ خبریں