چمن دھرنا مظاہرین پر حملے کیخلاف کارروائی، اغوا شدہ قیادت کو رہا کیا جائے، تحریک انصاف


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داﺅد شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری جہانگیر رند، محمد آصف ترین، ضلعی صدر نور خان خلجی اور دیگر کا پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور تحریک انصاف کا چمن کے پرامن پرلت پر ریاستی جبر، نااہل و فارم 47 کی جعلی حکومت کے حملے کیخلاف مشترکہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت جنگل کا قانون ہے جسکی لاٹھی اسکی بھینس ہے، موجودہ جعلی حکمران طاقت کے نشے میں عام شہری کی زندگی اور عزت نفس بھول چکے ہیں، چوری کیے مینڈیٹ سے اقتدار کی کرسیوں پر بیٹھ کر غربت اور بے روزگاری ختم کرنے کے بجائے غریب اور روزگار کرنے والے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو ظلم و جبر سے ختم کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت اور ریاست سے ان اہم نکات پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں جس میں چمن پرلت کی اغوا شدہ قیادت کو رہا کیا جائے، چمن پرلت کے جائز مطالبات تسلیم کیا جائے، چمن کے پرامن پرلت پر حملے کرنے اور کروانے کیخلاف کارروائی کی جائے، ڈیورنڈ لائن کی روشنی میں کاروبار کو بغیر پاسپورٹ کے بحال کیا جائے، بصورت دیگر ہم اپنے جائز حقوق کے لئے احتجاجی تحریک کو مزید تیز کریں گے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات یحییٰ کاکڑ، نجیب اللہ خروٹی، سلمان بادیزئی، اسد اچکزئی اور دیگر بھی موجود تھے۔