زاہد بلوچ پرامن شہری ہے، حکام بالا جبری گمشدگی کا نوٹس لیں، اہلخانہ


پنجگور(قدرت روزنامہ)پنجگور چتکان کورکر سے 9 مئی کو جبری گمشدگی کا شکار پنجگور کے رہائشی زاہد حسین بلوچ کے والد، والدہ، بہن، بھائیوں، بچوں، عزیز رشتہ داروں نے زاہد حسین بلوچ کے والد حاجی خالد حسین کی سربراہی میں حاجی خالد، محمد اقبال، عابد حسین، راشد حسین، ساجد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زاہد حسین بلوچ ایک پرامن شہری تھا وہ ایک نجی بینک میں سیکورٹی گارڈ کے طور پر ڈیوٹی سر انجام دے رہا تھا ، 9مئی کو چھ بجے کے بعد بنک سے چھٹی کرکے گھر پہنچے تھے کہ اسی دوران سادہ لباس میں افراد نے گھر میں گھس کر انہیں زبردستی اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کون اور انہیں کہاں لے کر جارہے ہو تو بتایا گیا کہ اسے تفتیش کے لیے کوئٹہ لے کے جا رہے ہیں، بعد میں چھوڑ دیں گے مگر تاحال ہمارے بیٹے کا کوئی سراغ نہیں، اگر اس نے کوئی جرم اور گناہ کیا ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔ نہ اسے بازیاب کیا جارہا ہے جس سے اس کے چھوٹے چھوٹے بچے اور ہم بوڑھے والدین، بہن، بھائی اور تمام رشتے دار سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، آئی جی، کمشنر مکران اور سیکورٹی اداروں سے اپیل کی کہ زاہد حسین کو انسانی ہمدردی کے ناطے بازیاب کرایا جائے۔