گرفتاری سے قبل صارم برنی کا آخری پیغام کیا تھا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف سماجی کارکن صارم برنی کا انسانی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتاری سے قبل آخری ویڈیو پیغام منظرعام پر آگیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر صارم برنی نے ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے لوگوں کے الزامات کے جوابی وار کرنے کی وارننگ دی تھی۔
ویڈیو پیغام میں صارم برنی کا کہنا تھا کہ ،’بہت سارے لوگوں نے میری ذات پر کیچڑ اچھالا ہے، انشااللہ انہیں بہت جلد ثبوت کے ساتھ بھرپور جواب دوں گا، ہمیشہ چپ رہا ہوں لیکن اب بولوں گا اور جو نہیں بولنا چاہتا تھا وہ بھی بولوں گا۔’
انہوں نے مزید کہا ’میں نے کبھی وہ کام کیے نہیں، آپ لوگوں نے سنیں ہوں گے اور نہ ہی کبھی دیکھے ہوں گے، لیکن کچھ لوگوں نے مجھے بولنے پر مجبور کردیا ہے، آخر میں کب تک چپ رہوں اور وہ میری ذات پر کیچڑ اچھالتے رہیں۔’
صارم برنی کا کہنا تھا کہ ہر چیز برداشت ہے مگر کردار پر اٹھنے والی انگلی برداشت نہیں، لوگ صرف ہوا میں تیر چلاتے ہیں۔ میں ثبوت کےساتھ بات کروں گا، نیکی کے کام بہت سے لوگ کرتے ہیں لیکن مجھے میرے اللہ نے خاص طور پر عزت سے نوازا ہے۔ میں لوگوں کو ان کے الزامات کا خود بھی جواب دوں گا اور اللہ سے بھی انصاف کا طلب گار ہوں۔
خیال رہے کہ آج بروز 5 جون کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حکام کے مطابق صارم برنی کو امریکی حکومت کی شکایت پر حراست میں لیا گیا ہے۔