اسلام آباد

موسمیاتی تبدیلیاں تباہی پھیلانے لگیں، ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنا ناگزیر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عالمی یوم ماحولیات ہر سال 5 جون کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کے بارے میں شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے۔
قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں ایک ریلی نکالی گئی۔
انجمن ہلال احمر کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کے اختتام پر طلبا و طالبات نے صفائی مہم کا انعقاد کیا جس میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بھی حصہ لیا۔
وائس چانسلر عطااللہ نے کہاکہ ماحولیات کے حوالے سے گلگت بلتستان کو بھی شدید خطرات درپیش ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب آنے سمیت دیگر مسائل پیدا ہورہے ہیں۔
گلگت بلتستان ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے دوچار ہے، آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے گلیشیئرز پگھل رہے ہیں، جنگلات کے بے دریغ کٹاؤ سے سیلاب آتے ہیں۔ 2020 میں بھی گلگت بلتستان کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیلاب اور تباہ کاریوں کی وجہ سے کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور لوگوں کی قیمتی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات شہزاد شگری نے اس حوالے سے بتایا کہ گلگت بلتستان کی زمین ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے ضائع ہورہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ماحول کو صاف رکھیں تاکہ آلودگی سے بچا جاسکے، ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے نا صرف حکومت بلکہ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔