پی ٹی آئی سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی کا سی ٹی ڈی پر بھائیوں کو اغوا کرنے کا الزام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی کے بھائیوں کو گزشتہ رات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔
اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں اظہر مشوانی نے بتایا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے درجنوں اہلکاروں نے رات گئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے بڑے بھائیوں پروفیسر مظہر مشوانی اور پروفیسر ظہور کو اٹھا کر لے گئے۔
اظہر مشوانی کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے کسی فرد کا سیاست سے تعلق نہیں اور تمام افراد درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی ظہور مشوانی کو گزشتہ برس بھی اغوا کرکے 145 دن تک قید رکھا گیا-
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا، ’میرے والد صاحب کو 3 دن اور مجھے 8 دن اغوا رکھا گیا، یہ ظلم اور بدمعاشی اب بند ہونی چاہیے، جس کا دل کرتا ہے گھروں میں گھس کر بندے اٹھا لے جاتا ہے، ان کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ پاکستان میں رہ رہے ہیں؟ اور پاکستان میں جنگل کا قانون رائج ہے؟‘
میرے دونوں بڑے بھائیوں پروفیسر مظہر اور پروفیسر ظہور مشوانی کو آج رات 2:50 بجے ہمارے گھر ٹاؤن شپ لاہور سے درجنوں CTD کے یونیفارم اور سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد اٹھا کر لے گئے ہیں
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیتل میڈیا اظہر مشوانی گزشتہ برس مارچ میں 8 روز تک لاپتا رہنے کے بعد منظرعام پر آئے تھے۔ اس تمام عرصہ میں ان کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہ آسکی تھیں جبکہ ان کے بھائی ظہور مشوانی نے بھی اس حوالے سے بات کرنے سے انکار کردیا تھا۔