عمر ایوب کا حکومت سے حمودالرحمان کمیشن رپورٹ شائع کرنے کا مطالبہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے حکومت سے حمودالرحمان کمیشن رپورٹ کو ڈی کلاسیفائی کرکے شائع کرنے کا مطالبہ کردیا۔
رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے ہمیشہ پاکستان اور جمہوریت کا دفاع کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے ارکان خصوصاً جبران الیاس کو سوشل میڈیا پر پاکستان کاز کو فروغ دینے پر ایوارڈز سے نوازا گیا، یہ محب وطن پاکستانی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’حکومت کے لیے بہترین اقدام یہ ہے کہ حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کو ڈی کلاسیفائی کرکے شائع کیا جائے اور پاکستانی عوام کو خود فیصلہ کرنے دیا جائے۔‘
عمر ایوب کی پوسٹ کے جواب میں ایکس صارفین نے عمر ایوب کو آڑے ہاتھوں لیا اور پی ٹی آئی ترجمان رؤف حسن کو عہدے سے ہٹانے کا مشورہ دیا۔
صارف فاطمہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’تو پھر جرأت کا مظاہرہ کریں اور رؤف حسن کو شوکاز نوٹس بھیجیں۔‘
ایکس صارف ولسن نے کہا، ’رؤف حسن کو شوکاز نوٹس بھجوانا ضروری ہے، کسی کو حق حاصل نہیں کہ وہ سوشل میڈیا ٹیم پر حکم چلائے اور بتائے کہ فاشسٹ حکومت کے بیانیے کو کیسے مات دینی ہے۔‘
محمد سمیر نے لکھا، ’ یہ بات آپ رؤف حسن صاحب کو بھی سمجھا دیں، ہم سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، سب نے کچھ نہ کچھ برداشت کیا ہے، اگر آپ لوگ کمپنی سرکار کا پریشر نہیں برداشت کر پارہے تو عہدے چھوڑ دیں اور انجوائے کریں جیسے پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کر رہے ہیں، عمران خان جو کہتا ہے وہ کریں۔‘
واضح رہے کہ عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے حمودالرحمان کمیشن رپورٹ کے مندرجات پوسٹ کیے جانے پر ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس کے جواب میں گزشتہ روز عمر ایوب خان نے ایف آئی اے سے حمودالرحمان کمیشن رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کا تقاضا کیا تھا۔
متنازع ٹویٹ کے معاملے پر پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اور ترجمان رؤف حسن نے بھی گزشتہ روز ایف آئی اے میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم نے رؤف حسن سے 4 گھنٹے اور بیرسٹر گوہر سے 2 گھنٹے تک تک تفتیش کی تھی۔