زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی، وفاق، کیسکو اور صوبائی حکومت کا مشترکہ اجلاس


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت، کیسکو اور صوبائی حکومت کے اعلٰی حکام کا مشترکہ اجلاس جمعرات کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی علی پرویز ملک ، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر زراعت حاجی علی مدد جتک، پارلیمانی سیکرٹری توانائی میر اصغر رند ، سیکرٹری پاور ڈویژن حکومت پاکستان راشد محمود ، ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن خوشحال خان ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت وفاقی و صوبائی حکومت کے نمائندوں اور کیسکو حکام نے شرکت کی ، اجلاس میں زرعی برقی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کا جائزہ لیا گیا ، اس موقع پر وفاقی حکومت کے نمائندوں کی جانب سے ان خدشات کا اظہار کیا گیا کہ زمیندار سولرائزیشن کے بعد بھی بیک وقت سولر اور کیسکو برقی نظام چلائیں گے جس سے سولرائزیشن کے لئے دی جانے والی سبسڈی کے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے وفاقی حکومت کے نمائندوں نے زور دیا کہ کوئی ایسا مکنیزم تشکیل دیا جائے جس سے یہ بات یقینی بنائی جا سکے کہ زمیندار شمسی توانائی کے بعد کیسکو سسٹم سے بجلی نہیں لیں گے اجلاس میں وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زرعی ٹیوب ویلوں سے متعلق وفاقی حکومت کے خدشات اور جملہ تصفیہ طلب امور کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد بلوچستان کے زمینداروں کا معاشی تحفظ ہے زمینداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مسئلے کا قابل قبول حل تلاش کریں گے وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے سولرائزیشن سے متعلق تصفیہ طلب امور کے حل کیلئے ٹیم بھیجوانے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام امور کے مستقل اور پائیدار حل کیلئے نتیجہ خیز اقدامات پر اتفاق رائے ہوجائے گا آج کوئٹہ میں ہونے والے اس اجلاس میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور وفاقی حکومت نے ہماری بعض تجاویز سے اتفاق کیا ہے امید ہے کہ وفاقی حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سولرائزیشن سے متعلق معاملات کو بہتر طور پر حل کرلیا جائے گا۔