’اب آیا چھری کے نیچے‘، کراچی کے قصابوں نے ذبیحہ معاوضوں کا اعلان کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عید قرباں کے موقعے پر قربانی کے جانوروں کی تلاش کے بعد ایک اور اہم مرحلہ قصائی کو ڈھونڈنے کا ہوتا ہے۔ چوں کہ عموماً لوگ عید کے پہلے روز قربانی کو زیادہ ترجیح دے رہے ہوتے ہیں لہٰذا اس دن قصائیوں کے معاوضے بھی آسمان سے باتیں کر رہے ہوتے ہیں۔
خیر کراچی میں قصابوں نے عید الاضحیٰ پر قربان کیے جانے والے مختلف جانوروں کو ذبح کرنے کے لیے اپنے معاوضوں کا اعلان کردیا ہے جو عید کے پہلے دن دوسرے اور تیسرے دن کے مقابلے میں دگنے ہوں گے۔
کراچی میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق عید کے پہلے دن بچھیا ذبح کرنے اور اس کا گوشت کاٹ کر دینے کے عوض 20 ہزار روپے وصول کیے جائیں گے۔
بکرے قربان کرنے والے حضرات کو ذبیحہ کے لیے فی بکرا 10 ہزار روپے دینے ہوں گے۔
ایسوسی ایشن رہنما ندیم قریشی نے بتایا ہے کہ اونٹ نحر کرنے کا نرخ 40 ہزار روپے رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عید کے دوسرے اور تیسرے روز قربانی کا ریٹ تقریباً آدھا ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ ذوالحج 1445ھ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعہ 7 جون کو کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب ملک کے محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق عید الاضحیٰ پیر 17 جون 2024 کو منائی جائے گی۔