پاک ،افغان سرحد پر نقل وحرکت ویزے کے تحت ہونا چاہییے، دفترخارجہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر نقل وحرکت ویزے کے تحت ہونا چاہییے۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ افغانستان سے پاکستان آنے کے خواہش مند افراد کے پاس ویزہ اور افغان پاسپورٹ ہونا چاہییے۔ پاک ، افغان سرحد پرنقل وحرکت ویزے کے تحت ہونا چاہیے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کرلیا گیا۔ پاکستان کے قوانین انسانی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں۔ دیگر حکومتوں کے ردعمل پر یہی کہتے ہیں کہ پاکستان اپنے آئین پر عملدرآمد کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔
دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مفاہمت کی 23 یاد داشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ملاقاتوں میں چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکورٹی پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم نے شینزن میں بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کی ہے۔