بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام و نیوٹریشن انٹرنیشنل کے اشتراک سے ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے کا انعقاد


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے کی مناسبت سے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے تعاون سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان تھے۔ تقریب میں فوڈ ہینڈلرز ، انجمن تاجران ، کنزیومر سوسائٹی و میڈیا کے نمائندوں اور مختلف جامعات کے اساتذہ و طلباء نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان نے فوڈ سیفٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے منانے کا مقصد لوگوں کو اس بارے آگاہ کرنا ہے کہ ” فوڈ سیفٹی کے حوالے سے غیر متوقع صورتحال کیلئے تیاری ” اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے کن عوامل پر توجہ دینےکی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک بنیادی انسانی حق ، محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متحد قوت کے طور پر جمع ہوئے ہیں بطور ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی مجھے فخر ہے کہ اس نیک مقصد کے لیے اتنے پر عزم سامعین موجود ہیں۔ اس سال کے عالمی یوم خوراک کی حفاظت کے موضوع کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ ہم اپنی خوراک کے نظام کی حفاظت کے لیے قبل از وقت تیاری کریں اور مضبوط پروٹوکول کے تحت کھیت سے دسترخوان تک خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا تدارک ممکن بنائیں۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ فوڈ سیفٹی کے مقررہ معیارات پر عمل کیا جائے جبکہ اس سلسلے میں اتھارٹی عام عوام اور فوڈ ہینڈلرز کو آگاہی اور تربیت فراہم کرنے کے لیے مصروف عمل ہے تاہم خوراک کی حفاظت ایک مشترکہ ذمہ داری ہے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی فعال شرکت انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام سٹیک ہولڈرز کو دعوت دیتے ہیں کہ فوڈ سیفٹی سے متعلق مباحثوں میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی مہارت کا تبادلہ کریں تاکہ بلوچستان میں خوراک کی حفاظت کے نظام کو مضبوط بنانے کے نئے طریقے تلاش کیے جا سکیں ۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق بلوچستان میں فوڈ سیفٹی کا عالمی دن منانا خطے میں محفوظ خوراک کے طریقوں کو فروغ دینے کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی و نیوٹریشن انٹرنیشنل سمیت تمام تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے ۔اس موقع پر دیگر مقررین و نیوٹریشن انٹرنیشنل کے نیشنل پروگرام مینجر محمد قوی خان نے کھانے پینے کی مصنوعات کی تیاری و ہینڈلنگ میں مناسب حفظان صحت اور صفائی ستھرائی کے اصولوں و طریقوں پر عمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا ۔ مزید برآں دیگر مقررین نے صحت مند خوراک کی اہمیت اور بیماریوں سے بچاؤ میں فوڈ سیفٹی کے کردار پر روشنی ڈالی جبکہ شرکاء کو عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی طرف سے مقررہ غذائی تحفظ کے معیارات بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔