بابا خیر بخش مری بلوچ سیاست میں اعلیٰ مقام پر فائز ہیں، این ڈی پی


کراچی(قدرت روزنامہ)9 جون کو اتوار کے دن بابا خیر بخش مری کی دسویں برسی لیاری کراچی میں منائی جائے گی۔ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جدید نیشنلزم کا فکری منبع، بلوچ سیاست کے تہہ دار کردار بابا خیر بخش مری بلوچ سیاست میں اعلیٰ مقام پر فائز ہیں، اور بلوچ تحریک کے بانی شمار ہوتے ہیں، آج بلوچ سیاست اور جدوجہد عالمی دنیا میں ایک موثر تحریک کے طور پر جانی جاتی ہے اس کا سہر ا بابا خیر بخش مری کو جاتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آج بھی بلوچ نوجوانوں اور خصوصا بلوچ سیاست میں متحرک اداروں اور لوگوں کے لئے یہ ایک لازمی جز بن چکا ہے کہ وہ وقتا فوقتاً بابا مری کے تعلیمات اپنا کر اپنی سیاسی فکر صحیح ڈگر پر لائیں، جب تک بلوچ جدوجہد اور سیاست بابا خیر بخش مری کی فکری و نظریاتی تعلیمات کو نہیں اپنائے گی تب تک کامیابی ممکن نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی اپنی نظریاتی اور فکری سمت بابا خیر بخش مری کے نظریہ سے جوڑ کر ہر سال کی طرح اس سال بھی بابا خیر بخش مری کی دسویں برسی 09 جون کو لیاری کراچی میں منائی جائے گی، برسی کے پروگرام میں میر محمد علی تالپور، نامور صحافی انور ساجدی، پروفیسر ڈاکٹر منظور بلوچ، جرنلسٹ وینگس، کامریڈ خرم علی، این ڈی پی کے مرکزی آرگنائزر ایڈووکیٹ شاہ زیب بلوچ سمیت مختلف طبقہ فکر کے لوگ اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔