بلوچستان
چمن میں درپیش مسائل گفت و شنید سے حل کرنے کےخواہاں ہیں، سرفراز بگٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ چمن میں مظاہروں کی آڑ میں حالات خراب کرنےکی سازش کامیاب نہیں ہوگی، مقامی لوگوں کو شرپسندوں کی صفوں سے الگ ہوکر قیام امن کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ چمن کی صورتحال سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور املاک پر حملہ ناقابل قبول ہے، قانون سے کوئی مبرا نہیں، قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج آئینی حق ہے، تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی، حکومت صبر و تحمل سے کام لے رہی ہے۔سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ چمن میں درپیش مشکلات اور مسائل گفت و شنید سے حل کرنے کےخواہاں ہیں، مقامی لوگوں کے خدشات دور کرکے مشکلات حل کرنے کی کوشش کریں گے۔