نوکنڈی میں جرائم حد سے بڑھ گیا، چیک پوسٹوں پر مامور اہلکار غنڈہ گردی پر اتر آئے، جے یو آئی


نوکنڈی(قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام تحصیل نوکنڈی کے اراکین مجلس عاملہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں نوکنڈی کے موجودہ بدامنی ، فحاشی وعریانی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر اس وقت انتہائی پرفتن اور نازک حالات سے دوچار ہے انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال اس قدر مخدوش ہوگئی ہے کہ رات تو درکنار دن کی روشنی اور لوگوں کی بھیڑ اور ہجوم میں بھی کوئی محفوظ نہیں، ایک طرف ڈاکو اور لٹیرے دن دیہاڑے غریب کاروباری طبقے کےلوٹ مار میں مصروف ہیں، دوسری طرف عید کے قریب آتے ہی شہر کے اندر منشیات کی عادی افراد اور چوروں کا ٹولہ سرگرم ہوچکا ہے ، جن کی وجہ کسی کی مال اور جان محفوظ نہیں ، قانون کی وردی میں ملبوس اہلکاران اور انتظامی افسران امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، ان کی ملی بھگت سے چیک پوسٹوں پر بھتہ اور رشوت خوری کا بازار گرم ہے ، اور ان سے کاروباری طبقہ بالکل بھی محفوظ نہیں ، اس سلسلے میں گزشتہ دنوں سے 72 چیک پوسٹ پر مامور لیویز اہلکاران غریب زامباد ڈرائیورز کو ناجائز تنگ کرنے اور زبردستی بھتہ لینے کے ساتھ ساتھ غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیں جو کہ قابل مذمت عمل ہے انہوں نے کہا کہ اگر بات فحاشی اور وعریانی کی جائے ، تو اس حوالے سے یقیناً تمام حدیں پار کردی گئی ہیں ، یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ کچھ لوگ سوچے سمجھے سازش اور پلاننگ ومنصوبہ بندی کےساتھ شہر میں فحاشی وعریانی کو فروغ دینے کے لیے باقاعدہ فحاشی وعریانی کے اڈے کھولنے کے تیاری میں ہیں ، باہر سے آنے والے کاروباری اور بھکاری وگداگروں کے بھیس میں بعض لوگ یہاں فحاشی وعریانی پھیلا رہے ہیں ، ہم سبھی کی بات ہرگز نہیں کررہے ہیں، مگر اس وقت شہر کی صورت حال رپورٹ ہورہی ہے ، مگر انتظامیہ کی خاموشی اور نظم وضبط برقرار رکھنے والے اداروں کی جان بوجھ کر غفلت ان کی رضامندی اور ملوث ہونے کی منہ بولتا ثبوت ہے جمعیت علما اسلام اس حوالے سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ انتظامیہ امن وامان قائم کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرئے، عید کے قریب آتے ہی ان واقعات کے روک تھام کے لیے انتظامیہ گشت ،پیٹرولنگ بڑھائے، چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری ختم کرکے غریب کاروباری طبقے کو تحفظ فراہم کی جائے ،باہر سے آئے ہوئے بھکاریوں کو فوری طور پر یہاں سے واپس ان کے علاقوں کو روانہ کی جائے ،اور مشکوک افراد پر نظر رکھتے ہوئے فحاشی کے روک تھام کے لیے کردار ادا کرئے چناں چہ موجودہ ساری صورتحال جمعیت علمائے اسلام کی نوٹس میں ہے اور اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام تحصیل نوکنڈی 9جون کو جمعیت علما اسلام چاغی کے ضلعی جنرل کونسل کے اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرےگی انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے امن وامان، چیک پوسٹوں پر غریب ڈرائیورز کو ناجائز تنگ کرنے اور فحاشی وعریانی جیسے حساس پہلوﺅں پر غور اور ان کے انسداد و روک تھام میں کوئی مثبت عملی پیش رفت نہیں کی۔ جمعیت علمائے اسلام تحصیل نوکنڈی ضلعی جماعت کی مشاورت کے بعد بہت جلد تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنی بھرپور احتجاج ریکارڈ کرےگی، جس میں احتجاجی ریلی، پہیہ جام ہڑتال، شٹر ڈاﺅن اور تمام تر جمہوری وآئینی طریقے شامل ہوں گے۔