آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکروں کی تاریخ، کس کا پلڑا بھاری؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں گروپ اے کا 19واں میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق آج شام ساڑھے 7 بجے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم نیویارک میں کھیلا جائے گا۔
2007 میں شروع ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ کا 9واں ایڈیشن امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جا رہا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ اس دوران پاک بھارت کے مابین کتنے ٹاکرے ہوئے اور کس کا پلڑا بھاری رہا؟
آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2007

2007 کے پہلے ٹی20 ورلڈ کرکٹ میں 14 ستمبر 2007 کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا پہلا میچ ڈرا ہوا تو فیصلہ بال آؤٹ پر کیا گیا جو بھارت نے 3 صفر سے جیت لیا تھا۔ 24 ستمبر 2007 کا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کو 5 رنز سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔
آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2009

آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2009 انگلینڈ میں 5 سے 21 جون کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ تھی کہ پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدِمقابل نہیں آئے تھے۔ جبکہ پاکستان نے فائنل میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2010

آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2010 ویسٹ انڈیز میں 30 اپریل سے 16 مئی 2010 تک کھیلا گیا تھا۔ پاکستان اور بھارت اس ٹورنامنٹ میں بھی آمنے سامنے نہیں آئے، تاہم پاکستان 14 مئی کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے 3 وکٹوں کی شکست کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھا۔
آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2012

آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2012 سری لنکا میں 18 ستمبر سے 7 اکتوبر 2012 کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ پاک اور بھارت 30 ستمبر 2012 کو پریماداسا اسٹیڈیم کولمبو میں آمنے سامنے آئے جس میں بھارت نے بآسانی 8 وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔ اس کے باوجود پاکستان نے سیمی فائنل کھیلا لیکن سری لنکا کے ہاتھوں 16 رنز کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2014

آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2014 بنگلادیش میں 16 مارچ سے 6 اپریل 2014 کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ سپر 10 کے ناک آؤٹ مرحلے پر پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 21 مارچ 2014 کو شیر بنگال کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکا میں ہوا، جو بھارت نے بآسانی 7 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2016

آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2016 بھارت میں 8 مارچ سے 3 اپریل 2016 کے دوران کھیلا گیا تھا۔ سپر 10 کے مرحلے میں پاک بھارت میچ 19 مارچ کو ایڈن گارڈن اسٹیڈیم کولکتا میں کھیلا گیا تھا جو بھارت نے 6 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2021

کووڈ-19 کے باعث عالمی مقابلوں میں تاخیر ہوئی اور آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2021 متحدہ عرب امارات اور عمان میں 17 اکتوبر سے 14 نومبر 2021 کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ 24 اکتوبر 2021 کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں گرین شرٹس نے بھارتی سورماؤں کو 10 وکٹوں کی عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا۔ ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست پاکستان سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے 5 وکٹوں سے ہار گیا تھا۔
آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2022

آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ 2022 آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے 13 نومبر 2022 کے دوران کھیلا گیا تھا۔ 23 اکتوبر 2022 کو میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سپر 12 کے اہم میچ میں بھارت نے 4 وکٹوں سے میچ جیت لیا تھا۔ جبکہ 27 اکتوبر 2022 کو کھیل گئے میں میں زمبابوے نے بھی پاکستان کو ایک رنز سے شکست دیدی تھی۔ اس کے باوجد پاکستان نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں پچھاڑ کر فائنل میں پہنچا لیکن انگلیںڈ سے 5 وکٹوں سے ہار گیا تھا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میچز میں بھارت کا پلڑا بھاری
2007 میں شروع ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ کا 9واں ایڈیشن امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس دوران پاک بھارت کے مابین 07 ٹاکرے ہوئے جن میں بھارت نے 06 میچوں میں کامیابی سمیٹی جبکہ پاکستان نے 2021 میں واحد جیت اپنے نام کی تھی۔

2007 کے پہلے ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی بار مدِ مقابل آنے والے روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹی20 فارمیٹ میں مجموعی طور پر 12 مرتبہ آمنے سامنے آچکے ہیں۔ 08 مقابلے بھارت کے نام رہے جبکہ 03 میں پاکستان نے فتح حاصل کی اور ایک میچ برابری پر ختم ہوا۔