ٹی 20 ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا آج: بھارت کیخلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون کیا ہوگی؟


نیویارک (قدرت روزنامہ)آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا، کھیل کے دیوانوں نے ٹیم پاکستان کو گڈ لک کا پیغام دے دیا۔دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا آج ہوگا، آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 19 ویں میچ میں پاک بھارت ٹیمیں نیویارک کے کرکٹ اسٹیڈیم میں شام ساڑھے 7 بجے ٹکرائیں گی۔
ویسے تو قومی ٹیم کا ورلڈکپ میں آغاز اچھا نہ ہوا اور اسے امریکا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن شائقین کرکٹ قومی ٹیم کے لیے دعاگو ہیں اور اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ ٹیم روایتی حریف کو شکست دے کر ایونٹ میں شاندار کم بیک کرے گی۔ نیویارک میں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی جم کر مشقیں کیں جبکہ بھارتی ٹیم کے صرف دو کھلاڑیوں نے آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کا پلڑا پاکستان کے خلاف بھاری ہے، 7 میچز میں سے 6 بھارت نے جیتے جبکہ ایک پاکستان کے نام رہا۔ اس کے علاوہ مختصر فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں 12 مرتبہ مدمقابل آئی ہیں، 8 میچ بھارت کے نام رہے جبکہ 3 میں پاکستان نے فتح حاصل کی اور ایک میچ ٹائی رہا۔
اعظم خان بھارت کیخلاف میچ سے آؤٹ، پلیئنگ 11 فائنل
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف میچ میں قومی اسکواڈ میں 3 تبدیلیاں متوقع ہیں، امریکا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بیٹر اعظم خان بھارت کے خلاف میچ سے آؤٹ ہوگئے۔ عماد وسیم کو اعظم خان کی جگہ قومی اسکواڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ صائم ایوب کو بھی موقع ملنے کا امکان ہے۔
ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، صرف اور صرف بھارت کے خلاف جیت ہدف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عماد وسیم بھارت کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہوں گے، امریکا سے ناکامی بھول چکے، آج نیا میچ ہے، بھارت کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، نیویارک کی وکٹ پر بیٹرز کو بہادری دکھانا ہوگی۔
پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف 4 فاسٹ بولرز اور 2 آل راؤنڈرز اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی جبکہ شائقین کرکٹ پاکستان کی فتح کے لیے پُرامید ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف پاکستان کی اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے 11 کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم ،محمد رضوان ، عثمان خان، فخر زمان ، افتخار احمد ، شاداب خان ، عماد وسیم ، شاہین آفریدی ،حارث رؤف ، محمد عامر اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں آئر لینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
دوسری جانب آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ میں وکٹ کا برتاؤ کیسا ہوگا، ماہرین نے نظریں جمالیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت آج نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آرہے ہیں۔نیویارک کے اسٹیڈيم میں اب تک ورلڈکپ کے ہوئے میچز میں وکٹ توقعات کے مطابق دکھائی نہيں دی ، آئی سی سی بھی وکٹ کے معیار پر مطمئن نہیں ، وکٹ کی درستی کے لیے کام شروع کردیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہےکہ نساؤ اسٹیڈیم کی وکٹ میں وہ تسلسل نہیں دکھا جس کی سب کو توقع تھی، تاہم بقیہ میچوں کے لیے وکٹ کی کوالٹی بہتر کرنے کے لیے بہترین ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
معروف شخصیات کا پاک بھارت ٹاکرے پر اظہار خیال
پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے ٹاکرے پر اب معروف شخصیات بھی تبصرے کرتے دکھائی دے رہی ہیں اور اپنے جذبات کا اظہار کر رہی ہیں۔ حال ہی میں گورنرسندھ کا آج گورنر ہاؤس میں پاکستان کی جیت پرجشن منانےکااعلان کیا ہے۔گورنر سندھ کی جانب سے کہنا تھا کہ گورنرہاؤس میں آئی ٹی طلبا کیلئے بڑی اسکرین لگائی جارہی ہے، میں خود بھی آئی ٹی طلبا کے ساتھ پاک بھارت میچ دیکھوں گا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ طلبا آج رات ساڑھے7 بجے سے پہلےپہنچیں، آج ہم سب کوپاکستان کی جیت کیلئےدعائیں کرنی چاہئے۔گورنرہاؤس میں بڑی اسکرین پر پاک بھارت میچ دکھانے کا انتظام کیا گیا ہے جہاں 20 ہزار شائقین بڑی اسکرین پر میچ دیکھ سکیں گے۔
گورنر سندھ کا اس موقع پر مزید کہنا ہے کہ گورنرہاؤس آئیں، پاک بھارت میچ دیکھیں، شہریوں کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام ہے، گورنرہاؤس میں 3 بڑی اسکرینیں نصب،5 ہزار پرچم تیار کیے گئے ہیں۔ بھارت کے خلاف کرکٹ میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔
دوسری جانب معروف گلوکار علی ظفر کی جانب سے روایتی حریف پاک بھارت ٹاکرے پر دلچسپ ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ٹیم سے پیار ہے، شکست کواب سائیڈ پر رکھ دیں، ٹیم کو اس وقت خود پراعتماد اوریقین کی ضرورت ہے۔جبکہ بابر اعظم کا مخاطب کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ کپتان بابراعظم خوداعتمادی کےساتھ بھارت کیخلاف میدان میں اتریں، ہار چیت تو رہتی ہے،سامنے آکرمقابلہ کریں،ڈٹ کرکھلیں۔