متعلقہ محکمے ناکام، پسنی میں ٹرالر مافیا نے ڈیرے جما لیے، مقامی ماہی گیر پریشان


گوادر(قدرت روزنامہ)پسنی ،غیر قانونی گجہ ٹرالر کا پسنی ہفتلار میں تاریخی میلہ سج گیا،سینکڑوں ٹرالرز نے ڈیرہ جمالیا،مقامی ماہی گیر پریشان،محکمہ فشریز و دیگر سمندری محافظ ٹرالرز کی روک تھام میں ناکام،مقامی ماہیگیروں نے غیر قانونی ماہیگیری میں مصروف گجہ ٹرالرز کی ویڈیو وائرل کردی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی ایک دفعہ پھر ٹرالر مافیا کے شکنجے میں ہے،مہلک جالوں سے لیس سندھ کے گجہ ٹرالرز کی بڑی تعداد نے پسنی ہفتلار جزیرہ میں ڈیرہ جمالیا ہفتلار کے سمندری حدود میں سندھ کے گجہ ٹرالرز بلا خوف و خطر غیرقانونی شکار میں مصروف دکھائی دیئے جن کا مقامی ماہیگیروں نے غیر قانونی ماہیگیری میں مصروف پاتے ہوئے ویڈیو وائرل کردی جبکہ محکمہ فشریز کی گشتی ٹیم کی موقع پر دور دور تک آثار دکھائی نہیں دیئے۔واضح رہے پسنی بشمول ضلع گوادر اکثریتی آبادی کا واحد ذریعہ معاش ماہیگیری ہے ان کے سمندر کو غیر قانونی ٹرالرز بیدری سے لوٹ کر بانجھ بنارہے ہیں جس کے سبب ماہیگیروں کے ہزاروں خاندانوں کے روزی روٹی کا بند و بست دن بہ دن تنگ ہوتا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب حکومت بلوچستان و محکمہ فشریز ان ٹرالرز کی روک تھام میں بری طرح ناکام ہوکر رہ گئے ہیں۔