گوادر میں آر سی ڈی کونسل کے جیم خانے کو تالے لگانا غیر قانونی ہے، فرید گوادری
گوادر(قدرت روزنامہ)آر سی ڈی کونسل ایک سماجی ادارہ ہونے کے باوجود اسے کمرشل بنا دیا گیا ادارے میں چند افراد کی اجارہ داری نے ادارے کی ساکھ کھوکھلی کردی۔ ادارے میں قائم جیم خانے پر کسی پیشگی اطلاع و نوٹس کے تالہ لگا کر نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے بجائے منفی سرگرمیوں کی طرف لیجانے کی کوشش کی ہے۔ منتخب نمائندے اور انتظامیہ نوٹس لیں ادارے کو کمرشل کے بجائے سوشل ادارہ بننے دیں غیر قانونی حرکتوں سے باز رہا جائے ان خیالات کا اظہار آر سی ڈی سی گوادر میں 2002 سے قائم جیم کے صدر و ٹرینر فرید گوادری ، استاد ظریف بلوچ ، اور نائب صدر ارشد و دیگر نے آر سی ڈی کونسل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بڑی افسوس کی بات ہے کہ آر سی ڈی کونسل جو کہ گوادر کی ایک منظم سماجی ادارہ ہے۔ جو مختلف سیکٹرز پر خدمات سر انجام دے رہی ہے ادارے میں گوادر کے چند نوجوانوں نے مل کر اپنے اخراجات سے آر سی ڈی کونسل میں ایک جیم کھولا جہاں پر علاقے کے نوجوان بڑی تعداد میں تن سازی اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں مصروف ہوتے رہے ہیں۔ جیم خانے میں ایسے بھی غریب نوجوان آتے ہیں جو فیس دینے کی سکت بھی نہیں رکھتے لیکن جیم خانے نے کھبی بھی ایسے نوجوانوں کو اپنے جیم خانے سے دور نہیں کیا بلکہ ان کے ساتھ اپنے وابستگی ہمیشہ برقرار رکھی انھوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں آر سی ڈی کونسل کے صدر نے گزشتہ دنوں بغیر کسی پیشگی اطلاع و نوٹس کے جیم میں تالہ لگا کر نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں سے دور رکھنے اور اپنے اجارہ داری قائم رکھنے کی کوشش کی ہے جو باعث تشویش عمل ہے انھوں نے کہا کہ آر سی ڈی کونسل ایک سماجی ادارہ ہے جو ہمیشہ مثبت و تعمیری سرگرمیوں میں خدمات سر انجام دیتی رہی ہے مگر اس ادارے پر چند لوگوں نے اپنی اجارہ داری قائم کی ہے اس کی واضح مثال جیم خانے پر تالہ لگا کر نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں سے دور کرنے کی کوشش ہے انھوں نے کہا کہ اگر ادارے کے انتظامیہ کی جانب سے جیم خانے کی مخدوشی اور ازسر نو مرمت کی بات تھی تو اس کے لیے باقاعدہ جیم خانے کی کابینہ کو اطلاع یا نوٹس دیا جاسکتا تھا لیکن ایسا کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں عمارت کی تعمیر و مرمت سے کوئی اعتراض نہیں لیکن اسے ازسر نو مرمت کرکے پہلے سے موجود جیم خانے کے حوالے کیا جائے نہ کہ کسی دوسرے جیم خانے کو دیا جائے۔انھوں نے کہا کہ آر سی ڈی کونسل ایک سماجی ادارہ ہے جس میں کمرشل بنیادوں پر اسکول چل رہی ہے جن کی ماہانہ فیسیں دیگر پرائیوٹ اسکولوں سے کئی زیادہ ہیں مگر اسکول کے بچے گرمی کے ایام میں پنکھے یا ٹھنڈے پانی سے بھی محروم ہیں انھوں نے کہا کہ آر سی ڈی کونسل کو مختلف مدات میں صوبائی حکومت اور دیگر اداروں سے لاکھوں روپے کے فنڈز مل جاتے ہیں مگر ادارے میں کوئی سہولت میسر نہیں۔ یہاں پر گزشتہ کئی سالوں سے کوئی باقاعدہ ممبر سازی بھی نہیں ہوئی ہے صرف چند مخصوص ممبران سے کام چلایا جارہا ہے انھوں نے کہا کہ ہم گوادر کے نوجوان ہیں اس جیم خانے کے زریعے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیاں فراہم کرکے منفی سرگرمیوں سے بچانا چاہتے ہیں۔ لہٰذا ایسے بے اصول فیصلے کو نہیں مانتے انھوں نے کہا کہ ہم نوجوان اپنے حق کے لیے ہر ادارے سے رابطہ رکھیں گے اس موقع پر انھوں نے علاقے کی ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان، چیئر مین میونسپل کمیٹی گوادر شریف میانداد ، ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن ، سوشل ویلفئیر آفیسر گوادر ، جی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور اس بابت اپنا کردار ادا کریں۔از موقع پر جیم خانے کے بہت سے کھلاڑی تن ساز بھی موجود تھے۔