تاریک دنیا کو روشن کرنے میں استاد انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے، ڈاکٹر جہاں وش


سبی(قدرت روزنامہ)وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی ڈاکٹر جہاں وش کریم نے بلوچستان اسسمنٹ اینڈ امیگریشن کمیشن کے تعاون سے SLO بیس اسسمنٹ سرٹیفکیٹ کورس کی 5 روزہ ٹریننگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک میں دو شعبوں کا ذکر کیا گیا ہے استاد اور تجارت۔ استاد کا پیشہ سب سے عظیم اور مقدس پیشہ ہے۔ پیغمبروں، مفکروں، دانشوروں اور زندگی کے تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے استاد کی عزت اور احترام پر زور دیا ہے۔ اسی وجہ سے استاد کو روحانی باپ کا بھی درجہ دیا گیا ہے۔ آج دنیا میں دینی اور سائنسی ترقی استاد کی محنت اور لگن سے ہی ممکن ہوئی ہے۔ ایک اچھا استاد پوری قوم کی ترقی کی وجہ بنتا ہے۔ پوری دنیا میں آج بھی استاد کو انتہائی ادب و عزت سے دیکھا جاتا ہے۔ تاریک دنیا کو روشن کرنے میں استاد انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہاں وش کریم نے مزید اپنے خطاب میں کہا کہ میرے ہاتھ میں جو قلم ہے استاد کی عطا ہے اور آج پڑھتے اور پڑھاتے ہوئے مجھے انتہائی فخر محسوس ہوتا ہغ کیونکہ میں بھی ایک استاد ہوں۔ یہ وہی پیشہ ہے جو تاریک راہوں میں روشنی کے وجود کو برقرار رکھتا ہے، جو معاشرے میں شعور، آگاہی، امن، صبر و محبت اور روشنی کا پیغام پہنچاتا ہے، جو معاشرے کو منزل کی طرف گامزن کرتا ہے، استاد دنیا کا ایک طاقتور انسان ہے جسکی طاقت اور محنت سے دنیا میں ترقی و خوشحالی آتی ہے۔ تقریب سے CEO بلوچستان اسسمنٹ بورڈ اینڈ امیگریشن کمیشن نظام الدین مینگل، ڈائریکٹر اسکولز بلوچستان اختر محمد کھیتران، ڈائریکٹر بیورو آف کریکلم سعید احمد اور دیگر مہمانوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آفاق پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔