بابر اعظم نے بھارت سے شکست کی ذمہ داری بیٹرز پر ڈال دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت سے بری طرح شکست کے بعد کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بیٹرز نے اچھا پرفارم نہیں کیا، لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے جیتا ہوا میچ ہارے ہیں۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف 120 رنز کا ہدف حاصل نہ کرنے کی ذمہ دارای بیٹرز پرعائد ہوتی ہے۔ آخری10 اوورز میں اچھی بیٹنگ نہیں کی گئی۔
بابر اعظم نے کہا کہ پچ اچھی تھی، کچھ گیندیں توقع کے مطابق بیٹ پر نہیں آئیں البتہ گیند بیٹ پر اچھی آرہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہدف کے تعاقب میں ابتدائی 10اوورز اچھا کھیلے تھے لیکن بقیہ 10اوورز میں خراب بیٹنگ کی وجہ سے ہدف تک نہیں پہنچ سکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹرز لمبی ہٹ لگانے کی کوشش کرتے رہے جبکہ وہاں سنگل ڈبلز بنانے کی ضرورت تھی، اس طرح جب لمبی ہٹ لگانے کی ضروت تھی تو بیٹرز سنگل ڈبلز کرتے رہے۔
واضح رہے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔ جس کے بعد پاکستان ٹیم کی سپر 8 مرحلے میں شرکت بھی مشکوک ہوگئی۔