الیکشن کمیشن؛ اسلام آباد کے ٹریبونل تبدیلی کی لیگی ایم این ایز کی درخواستیں منظور


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے ٹریبونل تبدیلی کی لیگی ایم این ایز کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ٹریبونل منتقلی کی ہدایت کردی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کی الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن نے جمعہ کے روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، اس حوالے سے دوپہر 3فیصلہ سنانے کی کاز لسٹ بھی جاری کردی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے لیگی ایم این ایز کی ٹریبونل تبدیلی کی تینوں درخواستیں منظور کرلیں۔ اور ٹریبونل منتقلی کی ہدایت کردی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد سے لیگی ایم این ایز نے الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی سے متعلق الیکشن کمیشن میں درخواست دی تھی۔ الیکشن کمیشن نے 2 روز تک ن لیگ اور پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدواروں کے دلائل سننے کے بعد جمعہ کے روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اسلام آباد سے طارق فضل چوہدری سمیت تینوں لیگی ایم این ایز نے الیکشن ٹربیونل جسٹس طارق محمود جہانگیری پر عدم اعتماد کیا تھا۔ پی ٹی آئی حمایت یافتہ شعیب شاہین، عامرمغل اورعلی بخاری کے وکلا نے ن لیگی رہنماؤں کی درخواستوں مسترد کرنے کی استدعا کی تھی۔ گزشتہ سماعت میں فیصل چوہدری نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس ٹریبونل تبدیلی یا نظرثانی کا اختیار نہیں۔