پیرا میڈیکس کے مسائل پر انتظامیہ ضلعی سطح پر کمیٹی بنائے گی، ڈپٹی کمشنر خضدار
خضدار(قدرت روزنامہ)پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن خضدار کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی پروقار تقریب سہیل الرحمن ہال میں منعقد ہوئی جس میں مختلف پارٹیوں کے رہنما اور محکمہ ہیلتھ کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور نرسنگ اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب میں پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر عبدالسلام زہری نے نومنتخب اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ تقریب سے مہمان خاص ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خضدار فدا بلوچ نے خطاب کیا اور نومنتخب کابینہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیرا میڈیکس کی مشاورت سے ضلعی انتظامیہ ضلعی سطح پر کمیٹی بنائے گی جس میں محکمہ صحت کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی، قبل ازیں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر میرامان اللہ زہری نے پیرامیڈیکس کو درپیش مسائل کے متعلق سپاس نامہ پیش کیا جس کی محکمہ ہیلتھ کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور نرسنگ اسٹاف نے حمایت کی، دریں اثنا پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن خضدار کے نومنتخب چیئرمین محمد اسماعیل زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خضدار کے پیرا میڈیکس نے ہمیشہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے آرہے ہیں لیکن موجودہ انتظامیہ اور ڈی ایچ او کی جانب سے اسطرح کی تعاون اور حوصلہ افزائی کا فقدان نظر آرہا ہے۔ نومنتخب صدر پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن رشیداحمد غلامانی نے کہا کہ ایسوسی ایشن اپنے ملازمین اور ساتھیوں کی فلاح و بہبود، تحفظ اور امداد کے لیے ہمیشہ صف اوّل کا کردار ادا کرتی آئی ہے اور اس مشن کو جاری رکھا جائے گا، تقریب ڈویژن ڈائریکٹر ہیلتھ طاہرہ کمال، صدر پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن عبدالسلام زہری، جنرل سیکرٹری پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن منظور احمد مینگل، عبدالحکیم زہری ودیگر نے خطاب کیا جبکہ مہمانان خواص میں ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر احمد علی، ڈپٹی ڈی ایچ او خضدار ڈاکٹر فرمان علی، بازارصدر حافظ حمیداللہ مینگل، ایم ایس شہید سکندر میموریل ہسپتال زہری ڈاکٹر میلا ودیگر اعزازی مہمان موجود تھے۔