تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات پر غور شروع کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے مشورے پر تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کو خط لکھنے پر غور شروع کردیا ہے . سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کا مشورہ دیا تھا .

پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق عمران خان نے سپریم کورٹ کے مشورے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے عدالت عظمیٰ کو خط لکھنے پر مشاورت شروع کردی ہے . ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے کہنے پر پی ٹی آئی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے پر غور کررہی ہے، تاہم مذاکرات ان سیاسی جماعتوں کے سنجیدہ اور بااختیار لوگوں کے ساتھ ہی ہوسکتے ہیں . ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پارٹی اس معاملے پر سپریم کورٹ کو خط لکھنے سے متعلق غور کررہی ہے اور اس حوالے سے لیگل ٹیم سے مشاورت کی جائے گی . سپریم کورٹ کو لکھے جانے والے خط میں ملک کو درپیش مسائل اور تحریک انصاف کے خلاف ہونے والے سیاسی مقدمات کے فئیر ٹرائل کا مطالبہ کیا جائے گا . خط میں سپریم کورٹ سے عوامی مینڈیٹ کا معاملہ بھی اجاگر کرنے کی تجویز زیر غور ہے . . .

متعلقہ خبریں