وکٹ لینے کی خوشی مناتے ہوئے حسن علی ایک بار پھر انجرڈ، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ وکٹ لینے کے بعد جشن مناتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے۔ وکٹ لینے کے بعد جیسے ہی انہوں نے اپنا معروف جنریٹر اسٹائل جشن منانا شروع کیا ویسے ہی وہ زمین پر بیٹھ گئے اور میڈیکل اسٹاف کو مدد کے لیے طلب کرلیا۔
حسن علی کی ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ وکٹ لینے کے بعد حسن علی دنیا کا خطرناک ترین جشن منا رہے ہیں۔
چند صارفین ویڈیو دیکھ کر جنریٹر کا ذکر چھیڑتے اور حسن علی کا مذاق اڑاتے بھی نظر آئے کیونکہ ‘جنریٹر’ سلیبریشن ان کے نام کے ساتھ جڑ گئی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ جنریٹر پھر خراب ہوگیا ہے۔
ایک ایکس صارف نے حسن علی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی فٹنس کا لیول یہ ہے کہ وکٹ لینے کی خوشی مناتے ہوئے بھی ان کے پٹھے کھچ جاتے ہیں۔
بلال بشیر نے حسن علی سے سوال کیا کہ کیوں بھائی جنریٹر اسٹارٹ نہیں ہوا کیا؟
ایک صارف نے کہا کہ یہ اب بہت مضحکہ خیز ہوتا جارہا ہے، حسن علی کو وکٹ لے کر ایسے خوشی منانا بند کردینا چاہیے۔
یاد رہے کہ حسن علی اس وقت انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ کاؤنٹی چیمپیئن شپ کا پہلا راؤنڈ 5 اپریل سے شروع ہوا تھا اور سیزن کا اختتام 29 ستمبر کو ہوگا۔