ٹی20 ورلڈ کپ، پاکستان سمیت بڑی ٹیموں کا سپر 8 مرحلے سے باہر ہونے کا خدشہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ2024 کے لیگ میچز میں بڑے بڑے اپ سیٹ ہوتے دکھائی دیے، جس کی وجہ سے بڑی ٹیموں کا سپر8 مرحلے میں جگہ بنانا مشکل ہوچکا ہے، جن میں پاکستان سرفہرست ہے، اس کے بعد انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور پھر سری لنکا کی ٹیم ہے۔
گروپ اے کی بڑی ٹیموں میں سے پاکستان کی پوزیشن انتہائی کمزور دکھائی دے رہی ہے، پہلے 2لیگ میچز میں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کا سپر8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر کوئی بھی پوائنٹ نہ ہونے کے باعث پاکستان کو اگلے دونوں میچز اچھے مارجن سے جیتنا ضروری ہیں۔ اگر پاکستان جیتنے میں کامیاب نہیں ہوپاتا اور امریکا یا بھارت اپنے بقیہ میچز میں سے ایک ایک میچ بھی جیت جاتے ہیں تو پاکستان ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔
45 2 2 300x124
گروپ بی سے انگلینڈ کی ٹیم بھی مشکلات کا شکار دکھائی دے رہی ہے، پہلے لیگ میچ میں بارش کے باعث اسکاٹ لینڈ سے فتح کا خواب پورا نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔
اگلے لیگ میچ میں انگلینڈ کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث انگلینڈ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچ گیا۔ اب انگلینڈ کو اگلے دونوں میچ اچھے رن ریٹ کے ساتھ جیتنا انتہائی ضروری ہیں، ورنہ ٹیم ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے گی۔
45 3 1 300x118
گروپ سی میں اس دفعہ افغانستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی مشکلات میں گری ہوئی ہے، کیونکہ افغانستان اور ویسٹ انڈیز اپنے دونوں لیگ میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔
جبکہ نیوزی لینڈ کو اپنے اگلے تینوں میچ جیتنا ضروری ہیں جوکہ ویسٹ انڈیز، یوگینڈا اور پوپوا نیو گنی کے ساتھ ہیں، ان میں سے کوئی بھی میچ ہار جانا نیوزی لینڈ کی اگلے مرحلے میں پیش رفت مشکل بنا دے گا۔
45 4 1 300x120
گروپ ڈی میں سری لنکا اس بار پریشان کن صورتحال میں ہے، کیونکہ لیگ میچز کے پہلے دونوں میچ ہار جانے کے بعد سری لنکا کو سپر8 مرحلے میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے اگلے دونوں میچ بڑے مارجن کے ساتھ جیتنے کی ضرورت ہے۔
45 5 1 300x119
اگر سری لنکا اپنا رن ریٹ بہتر نہ کرسکی تو اس میگا ایونٹ میں مزید آگے نہیں جاسکے گی۔