کامران اکمل نے ہربھجن سنگھ اور سکھ برادری سے معافی کیوں مانگی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)9 جون کو امریکا میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ پر تبصرے کے دوران سکھوں کا مذاق اڑانے پر سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے معافی مانگ لی ہے۔
کامران اکمل نے ایکس پوسٹ میں بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور سکھ برادری سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ مجھے اپنے حالیہ تبصروں پر بہت افسوس ہے اور میں ہربھجن سنگھ اور سکھ برادری سے مخلصانہ معافی مانگتا ہوں، میرے الفاظ نامناسب اور بے عزتی پر مبنی تھے، میں پوری دنیا کے سکھوں کا بے حد احترام کرتا ہوں اور کبھی کسی کو تکلیف پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتا، مجھے واقعی افسوس ہے۔
یاد رہے کہ نیویارک میں کھیلے جانے والے پاک بھارت میچ کے سلسلے میں کامران اکمل نے بطور تجزیہ کار نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی تھی اور بھارتی بولر ارشیدپ سنگھ کے آخری اورر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا وقت کے حوالے سے مذاق اڑایا تھا۔
کامران اکمل کا سوشل میڈیا پر وائرل کلپ سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ تک پہنچا تو انہوں نے بھی کامران اکمل کو بذریعہ ایکس پوسٹ آڑے ہاتھوں لیا اور انتہائی غیرمناسب الفاظ میں اشتعال انگیز جواب دیا تھا۔