مائنز مالکان کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے مائنگ سیکٹر کو وفاقی سطح پر انڈسٹری کا درجہ دیکر ہی مائنز مالکان کے تمام دیرینہ مسئلے فوری طور پر حل ہوجائیں گے۔ اس سلسلے میں بلوچستان کے مائنز مالکان کو تمام ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ صوبے سے شدید غربت اور بےروزگار کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ دستیاب معدنیات کو ملک اور صوبے کے بہترین مفادات کیلئے بروئے کار لایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں بہروز حسین ریکی کی قیادت میں مائنز مالکان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، مائنز مالکان کے جان ومال کا تحفظ، حکومت کی جانب سے ضروری سہولیات کی فراہمی اور مائنز مالکان کو قرضوں کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ علاوہ ازیں صوبے کے تاجروں، صنعتکاروں اور مائنز مالکان کیلئے تجارت کے نئے مواقع پیدا کرنا اور ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے سے نہ صرف صوبہ میں مجموعی طور پر زندگی کا معیار بلند ہو گا بلکہ لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر ہوں گے۔