مہنگائی میں گزاراہ مشکل ہے، تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، بیوگا
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکر گرینڈ الائنس (بیوگا) کے چیئرمین در محمد لانگو، وائس چیئرمین شمس اللہ کاکڑ، سرپرست اعلیٰ اعجاز عظیم بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت ملازمین کو مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لئے دیئے جانے والے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کرکے ملازمین کے مطالبات پورے کریں بصورت دیگر بجٹ اجلاس کے دوران بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف آرگنائزر طارق کدیزئی، آرگنائزر شکر خان رئیسانی اور دیگر کے ہمراہ منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ بیوگا کا قیام 2021ءمیں معرض وجود میں آیا جس کا مقصد بلوچستان کے ملازمین کے مسائل کا حل اور حقوق کے حصول کو یقینی بنانا ہے بیوگا نے ہمیشہ ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے موثر اور فعال انداز میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے جدوجہد کی ہے جس کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی اور مسائل سے ملازمین کو چھٹکارا دلانا ہے ان کا کہنا ہے کہ بیوگا صوبے کے ڈیڑھ کروڑ آبادی کے ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور مشکل صورتحال میں صوبے کے ملازمین کا موجودہ تنخواہ میں گزارہ کرنا بہت مشکل ہے اور غریب ملازمین نان شبینہ کے محتاج ہیں ہم ان کے حقوق کے حصول کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ہماری کوشش ہے کہ مستقل بنیادوں پر ملازمین کے درمیان تنخواہوں اور دیگر مراعات کی تفریق کو ختم کرکے یکساں مراعات کا حصول یقینی بنایا جائے اس لئے تمام تنظیموں کی مشاورت کے بعد بیوگا نے ایک چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کیا ہے جس کی منظوری ملازمین مسائل سے چھٹکارا پاسکیں گے اگر حکومت نے بیوگا کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ کیا تو بجٹ اجلاس کے دوران اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو جی پی فنڈ اور پنشن یکمشت ادا کی جائے۔