نواز شریف کینسر اسپتال کی تعمیر کا آغاز، 46 ارب روپے کے منصوبے میں عالمی معیار کی سہولیات ہوں گی، بریفنگ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور میں 46 ارب روپے کی لاگت سے بننے والے نواز شریف کینسر کیئر اسپتال کے پہلے مرحلے کی تعمیر کا آغاز ہوگیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکاری سطح پر بننے والا یہ اسپتال پہلے مرحلے میں 100 بستروں والا ہونا تھا تاہم وزیراعلیٰ کی ہدایت پر یہ تعداد 150 کردی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دوسرے مرحلے میں بستروں کی تعداد 280 سے بڑھائی جاسکے گی اور اسپتال میں کینسر کیئر کلینک، عالمی معیار کی سہولیات، عالمی معیار کے ڈاکٹر ز کے علاوہ ان کی رہائش گاہیں، مریضوں کے لواحقین کی سہولیات اور قیام کے لیے سرائے، سولر شیڈ پارکنگ اور ریستوران بھی مہیا ہوں گے۔
صوبے میں سی ایم پنجاب اسپیشل ہیلتھ انی شی ایٹیو پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ فیلڈ ہسپتالوں میںمریضوں کی سہولت کے لیے خصوصی لفٹ نے کام شروع کردیا ہے۔
پنجاب کا پہلا بون میرو ٹرانسپلانٹ اسپتال
پنجاب میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے عالمی معیار کے ایک خصوصی اسپتال کے قیام کی تجویز پر بھی غورکیا گیا۔ صوبے میں پنجاب میں فری انسولین پروگرام کے آغاز، سملی ٹی بی اسپتال کو جنرل اسپتال میں تبدیل کر نے کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ہر ضلع میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت میڈیکل کالج قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا اور بتایا گیا کہ 50 فیصد طلبا سرکاری میرٹ پر داخل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ مراکز صحت اور اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے اور بنیادی اور دیہی مراکز صحت میں ڈیجیٹل ریکارڈ کے لیے ای ایم آر سسٹم کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں انجیو گرافی سروسز کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ گورنمنٹ داتا دربار آئی اسپتال کو اوقاف کے سپرد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے واضح کیا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں فیلڈ اسپتال کی سہولت فراہم ہونی چاہیے اور منصوبوں کا معیار مثالی ہونا چاہیے اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔
سینیئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ایم پی اے ثانیہ عاشق، مشیر صحت اظہر کیانی، ڈاکٹر عدنان خان، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان، چیئر مین پی اینڈ ڈی،سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، سیکریٹری فنانس مجاہد شیردل، پرنسپل سیکریٹری ساجد ظفر ڈال، ایڈاپ حکام بھی شریک تھے۔ صوبائی وزیر ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔