ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے زخمی، بکروں سے لدا ٹرک لوٹ لیا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے کیماڑی میں پولیس نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے شہری کو زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کی فائرنگ سے قربانی کا جانور بھی زخمی ہوا تھا جسے فوری طور پر ذبح کرنا پڑگیا۔
ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کے مطابق گلشن غازی موڑ پر 2 ڈکیتوں کی فائرنگ سے آفتاب نامی شہری اور گلی میں باندھا گیا قربانی کا جانور بھی زخمی ہوا تھا۔ تھانہ سعیدآباد پولیس موقع پر پہنچی اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد حذیفہ نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ملزم کا سہیل نامی ساتھی فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم سے نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا گیا ہے۔ جبکہ قربانی کے لیے لائے گئے زخمی بیل کو ذبح کردیا گیا۔
گلستان جوہر میں بکروں سے بھرا ٹرک لوٹ لیا گیا
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب بکروں سے بھرا ٹرک لوٹ لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 4 ملزمان بکروں سے بھرا ٹرک لے کر فرار ہو گئے۔ ٹرک میں 30 بکرے تھے، 2 ملزمان ڈرائیور کو ٹرک سے اتار کر ٹرک ساتھ لے گئے۔
بیوپاری عبدالمنان کے مطابق بکرے حیدر آباد سے گلستان جوہر منتقل کیے جا رہے تھے۔پولیس نے بیوپاری سے درخواست لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ملزمان کی تلاش جاری ہے۔