وفاقی بجٹ؛ ٹیکس وصولیاں بڑھانے ، غیر ضروری چھوٹ ختم کرنے کا پلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی بجٹ میں حکومت نے ٹیکس وصولیاں بڑھانے اور غیر ضروری چھوٹ ختم کرنے کا پلان تیار کرلیا۔نئے مالی سال 2024-25ء کے وفاقی بجٹ میں حکومت نے ٹیکس وصولیاں بڑھانے کا پلان تیار کیا ہے، جس کے مطابق نئےمالی سال میں ایف بی آر انفورسمنٹ کے ذریعے ٹیکس آمدنی بڑھائی جائے گی۔ ساتھ ہی آئندہ مالی سال میں غیرضروری ٹیکس چھوٹ بھی ختم کرنے کا منصوبہ ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیکسوں کی شرح میں ردوبدل کے ذریعے ٹیکس آمدنی بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ پیٹرولیم مصنوعات پرسیلز ٹیکس کے نفاذ سے ٹیکسز میں اضافہ کرنے کا پلان ہے۔ بجٹ میں ایف بی آر وصولیاں بڑھانے کے لیے ٹیکسوں کا دائرہ کار بڑھائے گا۔
نئے مالی سال کے بجٹ میں نان فائلرز پر اضافی ٹیکس لگانے کا منصوبہ ہے۔ آئندہ مالی سال ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کا پلان ہے۔ ایف بی آر ٹیکس نیٹ سے باہر شعبوں سے ٹیکس وصولیاں کرے گا۔ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر اضافی ٹیکس لگانے کا منصوبہ ہے۔
ذرائع کے مطابق نئےمالی سال میں ایف بی آرکورواں مالی سال کےمقابلے میں ٹیکسز میں بڑا اضافہ کرنا ہوگا۔ ایف بی آرکو آئندہ مالی سال ملکی تاریخ کا سب سےزیادہ ٹیکس اکھٹا کرنےکا ٹاسک دیا جائے گا۔