پاکستان

قومی اسمبلی کے 100 دنوں کی کارکردگی کیسی رہی؟ فافن نے رپورٹ جاری کردی


وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے صرف دو اجلاسوں میں شرکت کی، فافن
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے قومی اسمبلی کے ابتدائی 100 دنوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔فافن کی جانب سے پاکستان کی 16ویں قومی اسمبلی کے 100 دن مکمل ہونے پر رپورٹ جاری کردی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے صرف 2 اجلاسوں کی کارروائی میں شرکت کی جو کہ 10 فیصد بنتی ہے جبکہ ماضی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف 26 فیصد اور عمران خان 29 فیصد اجلاسوں کا حصہ بنے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اور ڈپٹی اسپیکر نے 84 فیصد کارروائی کی صدارت کی جبکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی ایوان میں حاضری 88 فیصد رہی جبکہ صرف 29 رکن اسمبلی کی حاضری 100 فیصد رہی۔فافن رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ میں قانون سازی کا عمل سست روی کا شکار رہا، قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں تاخیر سے اسمبلی کی کارکردگی متاثر ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث قومی اسمبلی کی گیلری تک شہریوں کی رسائی پر پابندی بھی کارکردگی پر اثر انداز ہوئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایوان میں اب بھی 26 ارکان کی کمی ہے جبکہ مجموعی طور پر ایوان نے 66 گھنٹے اور 33 منٹ پر محیط 23 اجلاس منعقد کیے، ہاؤس کے موجودہ 310 ممبران میں سے 159 (51 فیصد) ممبران نے فعال ہوکر اجلاسوں میں شرکت کی، ایوان میں ارکان کی اوسط حاضری 231 رہی جس میں سب سے زیادہ 302 اور سب سے کم 176 ہے۔
رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں موجود سیاسی جماعتوں میں سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے قومی اسمبلی کی کارروائی میں سب سے زیادہ حصہ لیا جبکہ وفاقی وزرا کی حاضری انتہائی کم رہی۔

متعلقہ خبریں