خضدار میں امن کیلئے پولیس، صحافیوں اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دیں، ایس ایس پی


خضدار(قدرت روزنامہ)ایس ایس پی خضدار عبدالعزیز جھکرانی نے کہاہے کہ منشیات اور جرائم کے خاتمے کیلئے علاقے کے عوام پولیس کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں تاکہ علاقہ سے منشیات اور جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکیں، منشیات کے خاتمہ سے جرائم کا روک تھام ممکن ہوگا اور خضدار کو امن کا گہوارہ بنانے کی راہ ہموار ہوسکے گی۔ خضدار کے امن کےلیے پولیس،صحافی اور یہاں کے عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، بہترین پولیسنگ کا اصلی پیمانہ عوام کی طمانیت اور اعتماد کا حصول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار پریس کلب کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، ان کا کہناتھاکہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہے معاشرے میں اپنے قلم کے ذریعے منفی سرگرمیوں کوختم کرنے میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں جبکہ خضدار کے صحافیوں نے ہر مشکل وقت میں علاقے کے مسائل کو اجاگرکیا ہے اور مشکل وقت میں بھی اپنی صحافتی سرگرمیاں جاری رکھ کر عوامی خدمت کے لازوال داستان قائم کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ خضدار میں آبادی کی تناسب سے پولیس کی نفری انتہائی کم ہے، دس لاکھ آبادی کےلیے چھ سو کے قریب پولیس اہلکار آٹے میں نمک کےبرابر یے لیکن باوجود کم نفری اور محدود وسائل کے پھر بھی یہ ہمارے اوپر فرض ہے اور ہم اس کا ضامن ہے کہ لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کریں،شہر کو امن دیں انہوں نے مزید کہاکہ چارج سنبھالنے کے بعد خضدار کے عوام نے جس طریقے سے انہیں ویلکم کیا اور محبت واپنائیت کا احساس دلایا اس سے ان کو ایک اور امتحان کا سامناہے کہ کسطرح ان توقعات اور محبتوں کا قرض اتارا جائے گوکہ عوامی رجحان نے ان کی ذمہ داریاں مزید بڑھا دی ہیں چونکہ عوام کی جان ومال اور آبرو کی حفاظت کرنا ظلم کا ہاتھ روکنا اور مظلوم کی داد رسی کرنا پولیس کا فرض ہے۔ اس فرض کے تحت خضدار پولیس اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جرائم کے خاتمہ کیلئے تیار ہیں علاقے کے عوام پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تو ضلع امن کا گہوارہ بن کر رہے گا۔