پنجاب کو جعلی و غیرمعیاری ادویات سے پاک کرنے کے پروگرام کی منظوری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب کو جعلی، غیرمعیاری اور ناقص ادویات سے پاک کرنے کے پروگرام کی منظوری دے دی۔
بدھ کو صحت کے نظام کی مکمل اوورہالنگ کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدرارت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمیں بطور پاکستانی اپنے ضمیر کو جگانا پڑے گا، کام کرنا پڑے گا اپنی نیتوں کو ٹھیک کرنا پڑے گا اور خدا کا خوف کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے ہر سطح پر جزا اور سزا کو شامل کرنا پڑے گا۔
اجلاس میں اسپتالوں میں ڈاکٹروں، طبی عملے اور نرسوں کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ادویات فروخت کرنے والی دکانوں، ڈرگ اسٹورز کی جدید ٹیکنالوجی جیوٹیگنگ کے ذریعے نگرانی کے اقدامات پر سخت عمل درآمد کی ہدایت کی۔ اجلاس میں جعلی، غیرمعیاری اور ناقص دوائی بیچنے والوں کو جرمانے، قید اور کاروبار سربمہر کرنے کی سزائیں دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے تمام محکموں میں ایمرجنسی میں دوائی، صفائی، ڈاکٹر، طبی عملے اور علاج کی معیاری سہولیات پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسپتالوں میں صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔