’میں نے کن جاہلوں میں شادی کرلی‘ ثانیہ مرزا کی ویڈیو وائرل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ میں نے کن جاہلوں میں شادی کر لی ہے۔
ثانیہ مرزا گزشتہ دنوں انڈیا کے مشہور کامیڈی پروگرام ’دی گریٹ کپل شرما شو‘ میں بطور مہمان آئیں۔ شو کے دوران اداکاری کا مظاہرہ کیا جا رہا تھا جس میں کپل شرما ثانیہ مرزا کی ساس کے طور پر اداکاری کر رہے تھے۔ اداکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثانیہ نے اپنی ساس کو پہلے چائے پیش کی اور پھر کپل شرما سے کہا کہ ’یہ میں نے کن جاہلوں میں شادی کر لی‘۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ثانیہ مرزا نے اداکاری کرتے ہوئے کپل شرما یعنی اپنی ساس کو چائے پیش کی، ساتھ ہی کہا کہ ’یہ لو ماں جی چائے، جس پر ساس نے کہا کہ چائے ہے یا زہر؟ اس پر ثانیہ نے جواب دیا کہ میں نے تو چائے ہی بنائی تھی، آپ کے منہ کو لگ گئی تو زہر ہو گئی ہوگی۔
ثانیہ مرزا نے مزید کہا کہ پی لیجیئے زہر آپ پر ویسے بھی اثر نہیں کرتا۔ اس پر کپل شرما نے کہا کہ کیسی بہو ہو؟ ساس سے زبان لڑاتی ہو؟ اس پر ثانیہ نے کہا کہ شکر کریں زبان ہی لڑائی ہے اگر میں اپنی دوست کو آپ سے لڑاؤں گی تو آپ کے نقلی دانت باہر آ جائیں گے۔
ثانیہ مرزا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے کسی نے ثانیہ کی حاضر جوابی کی داد دی تو کوئی یہ سوال کرتا نظر آیا کہ یہ محض انٹرٹینمنٹ کے لیے تھا یا ثانیہ مرزا کے ساتھ جان بوجھ کر ایسا سیگمنٹ رکھا گیا؟
واضح رہے کہ چند دن قبل بھی ثانیہ مرزا کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں دوسری محبت کی تلاش ہے۔ شو کے میزبان کپل شرما نے ثانیہ مرزا کو یاد دلایا کہ شاہ رخ خان نے ایک بار کہا تھا کہ اگر ثانیہ پر کوئی فلم بنی تو وہ اس فلم میں ثانیہ کے ’لو انٹرسٹ‘ (پارٹنر) کا کردار ادا کریں گے۔
کپل شرما کی اس بات پر ثانیہ مرزا نے جواب دیا کہ ابھی مجھے پہلے ’لو انٹرسٹ‘ ڈھونڈنا ہے۔ ثانیہ کی اس بات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں پھر سے محبت کی تلاش ہے۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے 2010 میں پسند کی شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا اذہان مرزا بھی ہے۔ شعیب ملک نے رواں برس جنوری میں اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی تھی جس کے بعد ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی خبروں کی باقاعدہ تصدیق ہوگئی تھی۔