کوئٹہ،کانگو سے بچاؤ کے لئے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں ،صوبائی وزیر


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کانگو سے بچاؤ کے لئے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں ،ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت کی جانب سے عوام کے لئے سستے داموں مویشی فروخت کئے جا رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو سیکرٹری صحت بلوچستان کے ہمراہ گورنمنٹ پولٹری فارم بروری روڈ کے دورے کے موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کہی، صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے دورے کے موقع پر کانگو وائرس سے بچائو کے لئے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کانگو سے بچاؤ کے لئے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں لائیو اسٹاک کا پورا محکمہ ہر طرح سے احتیاطی تدابیر اختیار کئے ہوئے ہے ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت کی جانب سے عوام کے لئے سستے داموں مویشی فروخت کئے جا رہے ہیں شہر بھر میں جگہ جگہ مویشی کو فروخت کے باعث مسائل پیش آرہے ہیں تاہم تمام رجسٹرڈ منڈیوں میں معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں مختلف مقامات پر 13 رجسٹرڈ مارکیٹوں میں ہماری ٹیمیں موجود ہیں ہماری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔