بدعنوانی میں ملوث ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نصیر آباد اور ٹھیکیدار کیخلاف مقدمات درج
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے ضلع نصیر آباد میں واٹر کورسرز اور واٹر ٹینک پراجیکٹ فیز ٹو منصوبے میں بدعنوانی میں ملوث ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمات درج کر لئے ۔اینٹی کریشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کے ڈائریکٹر واحد کاکڑ کے مطابق واٹر کورسز ، واٹر سٹوریج ٹینک پراجیکٹ فیز ٹو میں کرپشن کے حوالے سے ڈیڑھ سالوں سے جاری تحقیقات مکمل کر لی گئیں ۔ تحقیقات کے دوران منصوبے میں 10 کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ،جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عبدالقدوس مینگل اور ٹھیکیدار مجید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے منصوبہ شروع ہی نہیں کیا اور فنڈز کے پیسے پہلے ہی نکلوا لئے۔ جبکہ زمین پر ترقیاتی منصوبے کا وجود ہی نہیں ۔واحد کاکڑ نے مزید بتایا کہ منصوبے کے متعلق سیکرٹری زراعت سے پانچ سالوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ،مزید انکشافات اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔