بلوچستان

تیس ہزار نوجوانوں کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھیجنا چاہتے ہیں، سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سر فراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت اور یورپی یونین کے ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے ، حکومت بلو چستان کاپروگرام ہے کہ دو سال کے دوران 30 ہزار نوجوانوں کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں یورپین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام کی جانب سے لاونچنگ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی، تقریب میں وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سرفراز احمد بگٹی، پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا اور جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز، سمیت دیگر نے شرکت کی ، اس موقع پر پاکستان میں حالیہ ہنر مندی کے اقدامات کے تسلسل میں ٹیم یورپ نے بلوچستان میں نوجوانوں کی تربیت اور ان کو بااختیار بنانے کے لئے ایک نئے منصوبے کا آغاز کر دیاگیاجرمن حکومت کے ساتھ شراکت داری میں بنایا جانے والا یہ منصوبہ بلوچستان میں تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے منظرنامے کو تبدیل کر کے ہنر افزائی کے شعبے میں انقلاب لانے کا مقصد رکھتا ہے ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی نے بلوچستان میں ایسے منصوبوں کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے تعلیمی اداروں کو مضبوط اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعلیٰ میر سر فراز احمد بگٹی نے کہاکہ یہ پروگرام ہمارے نوجوانوں کو اہم مہارتوں سے آراستہ کرنے کا مقصد رکھتا ہے جس سے وہ بلوچستان کی اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں گے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے یہ پروگرام اہم ہے صوبائی حکومت کا نوجوانوں کی موجودہ وقت کے مطابق تعلیم کی فراہمی ترجیح ہے نوجوانوں کو ٹریننگ کے مواقع فراہم کرنے والوں کے شکر گزار ہیں اس طرح کے پروگرام صوبے کے نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت اور یورپی یونین کے اس طرح کے پروگرام کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے ہمارا پروگرام ہے کہ دو سال کے دوران 30 ہزار نوجوانوں کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجے جائیں امید ہے کہ لگن سے کام کرتے ہوئے ہم یہ گول حاصل کر لیں گے۔

متعلقہ خبریں