ٹی20 ورلڈ انگلینڈ نے عمان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے 28ویں میچ میں انگلینڈ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دیدی، انگلینڈ کی ٹیم نے 48 رنز کا ہدف اپنی اننگ کی 19ویں بال پر ہی حاصل کرلیا۔
نارتھ ساؤنڈ میں واقع سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے عمان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، عمان کی جانب سے صرف شعیب خان ہی 11 رنز بنا سکے۔
عمان کی پوری ٹیم انگلینڈ کیخلاف 14ویں اوور میں 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے اپنے 4 اوورز میں 11 رنز دیکر 4 وکٹیں جبکہ مارک ووڈ اور جوفرا آرچر نے تین 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ 3 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 12 رنز بنا کر بلال خان کے ہاتھوں بولڈ ہوئے، انگلینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز ول جیکس 7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر کلیم اللہ کی گیند پر پرجاپتی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کے جوز بٹلر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انگلینڈ نے عمان کی جانب سے 48 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر چوتھے اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا، یوں یہ میچ مجموعی طور پر 99 بالز میں نمٹ گیا۔