سندھ کا 3 ہزار 300 ارب روپے کا بجٹ آج شام پیش کیا جائے گا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاق اور پنجاب کے بعد سندھ کا آئندہ مالی سال کا 3 ہزار 300 ارب روپے پر مشتمل بجٹ آج شام کو پیش کیا جائے گا، بجٹ 50 ارب روپے خسارے کے ساتھ پیش کیا جائے گا، جسے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے۔
سندھ کا 2024-25 کا بجٹ ٹیکس فری اور 50 ارب خسارے پر مشتمل ہوگا، سندھ بجٹ کا تخمینہ 3 ہزار 300 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 423 ارب روپے جبکہ مجموعی طور پر ترقیاتی بجٹ پر 959 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 10 فیصد بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، ترقیاتی بجٹ کے لیے ریکارڈ 830 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، اور تعلیم کے لیے 400 ارب روپے اور صحت کے لیے 275 ارب روپے رکھے جائیں گے۔
صوبے میں 5 ہزارنئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی جن میں سے 3 ہزارآسامیاں محکمہ ایجوکیشن کی ہوں گی، امن و امان کی بحالی کے لیے 170 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
سندھ حکومت نے بجٹ 2024-25 میں نئے ترقیاتی منصوبے شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آج نیوز نے بجٹ 2024-25 کی سالانہ ترقیاتی کتاب حاصل کرلی جس کے مطابق ایجوکیشن سیکٹر 875 منصوبے اے ڈی پی بُک میں شامل ہیں۔
محکمہ بلدیات اور ٹاؤن پلاننگ کے 1137 منصوبے بجٹ بُک کا حصہ ہیں ورکس اینڈ سروس کے 800 زیر تعمیر ترقیاتی منصوبے سالانہ ترقیاتی فنڈز میں شامل ہیں، پبلک ہیلتھ جاری 470 منصوبے بجٹ بُک کا حصہ ہیں۔