ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں، بارش کا امکان کہاں ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کے میدانی علاقے ایک بار پھر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، سبی میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے شہروں لاہور، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، خیبرپختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں جب کہ سندھ میں نواب شاہ اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت 44 سے 46 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک جبکہ شام یا رات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، جنوب مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب سبی میں آج پارہ 48 سے49 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔