امریکا بمقابلہ آئرلینڈ میچ منسوخ، پاکستان کی امیدوں پر پانی پھر گیا، قومی ٹیم ایونٹ سے باہر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) مینز ٹی20 ورلڈ کپ کا امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا گروپ اے کا اہم میچ شدید بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کا ایونٹ میں سفر بھی اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔
میچ کی منسوخی کے اعلان کے بعد امریکا اور آئرلینڈ کی دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا اس کے ساتھ ہی پاکستان کی اُمیدوں پر بھی پانی پھر گیا، قومی ٹیم کا ورلڈ کپ کا سفر بھی اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل کے سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ میں گروپ اے کے میچ میں مونک پٹیل کی ٹیم کا مقابلہ پال اسٹرلنگ کی آئرلینڈ سےہونا تھا۔ یہ میچ نا صرف امریکا بلکہ پاکستان کی قومی ٹیم کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل تھا، پاکستانی ٹیم کی بھی سپر8 مرحلے تک پہنچنے کے لیے تمام تر نظریں اور اُمیدیں اسی میچ سے وابستہ تھیں۔
کیونکہ امریکا کے ہاتھوں آئر لینڈ کی شکست سے اگرچہ پاکستان کی سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں پہلے سے ہی معدوم تھیں لیکن ایک اُمید یہ تھی کہ اگر آئرلینڈ امریکا کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتا ہے اور پھر پاکستان کینیڈا کو بڑے مارجن سے شکست دیتا ہے تو پھر پاکستان رن ریٹ کی بنیاد پر سپر 8 مرحلے میں جا سکتا تھا۔
لیکن فلوریڈا میں طوفانی بارش اور طوفان کے باعث انٹرنیشل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا 30 واں میچ منسوخ کر دیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا جس کے بعد امریکا کی ٹیم نے سپر8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
امریکا اس وقت تک 3 میچوں میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر تھا، آئرلینڈ کے ساتھ میچ منسوخ ہونے کے بعد ایک پوائنٹ مزید ملنے کے بعد امریکا 5 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر مزید مستحکم پوزیشن پر آ گیا ہے۔ اب اگر پاکستان کینیڈا سے میچ جیت بھی جائے تو سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکتا۔
پاکستان 3 میچوں میں سے ایک جیت کر تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت 3 میچوں میں جیت کر گروپ میں سرفہرست ہے۔
جمعہ کو ٹی20 ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ کے لیے آئرلینڈ پلیئنگ الیون کی ٹیم میں پال اسٹرلنگ (کپتان)، مارک ایڈائر، راس ایڈائر، اینڈریو بلبرنی، کرٹس کیمپر، گیرتھ ڈیلینی، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، جوش لٹل، بیری میک کارتھی، نیل راک، ہیری ٹیکٹر، لورکن ٹکر، بین وائٹ اور کریگ ینگ کو شامل کیا گیا تھا۔
امریکا پلیئنگ الیون میں مونک پٹیل (کپتان)، ایرون جونز، اینڈریز گوس، کوری اینڈرسن، علی خان، ہرمیت سنگھ، جیسی سنگھ، ملند کمار، نثار پٹیل، نتیش کمار، نوشتوش کینجیگے، سوربھ نیتھرالواکر، شادلے وان شالکوک، اسٹیون ٹیلر اور شایان جہانگیر۔ ریزرو پلیئرز، گجانند سنگھ، جونائے ڈرائیسڈیل، یاسر محمد شامل تھے۔