حج کے دوران شوگر کے مریضوں کے لیے پاؤں کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی ہدایات


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی وزارت صحت نے حج کے دوران شوگر (ذیابیطس) کے مریضوں کے لیے پاؤں کی دیکھ بھال کے اہم اقدامات جاری کیے ہیں۔ یہ اقدامات خاص طور پر ان حاجیوں کے لیے ہیں جو ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں اور انہیں اپنے پاؤں کی اضافی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔
وزارت صحت نے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں۔
ننگے پاؤں نہ چلیں
حاجیوں کو ننگے پاؤں چلنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ان کے پاؤں محفوظ رہ سکیں۔
پاؤں کو گرم پانی اور صابن سے دھوئیں
حاجیوں کو اپنے پاؤں کو روزانہ گرم پانی اور صابن سے دھونے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ صفائی کا خیال رکھا جا سکے۔
پاؤں کا روزانہ معائنہ کریں
حاجیوں کو روزانہ اپنے پاؤں کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی زخم یا انفیکشن کی صورت میں فوری طور پر علاج کرایا جا سکے۔
آرام دہ جوتے پہنیں
حاجیوں کو آرام دہ جوتے پہننے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ ان کے پاؤں کو آرام مل سکے اور چوٹ سے بچا جا سکے۔
پاؤں کو اچھی طرح خشک کریں
حاجیوں کو پاؤں کو اچھی طرح خشک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، خاص طور پر انگلیوں کے درمیان، تاکہ نمی نہ رہے اور انفیکشن سے بچا جا سکے۔
موٹے اور سخت جلد کی تہوں کو خود سے نہ اتاریں
حاجیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موٹے اور سخت جلد کی تہوں کو خود سے نہ اتاریں تاکہ چوٹ یا زخم سے بچا جا سکے۔
وزارت صحت نے عوام سے درخواست کی ہے کہ حج کے دوران ان ہدایات پر عمل کریں اور اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں تاکہ مناسک حج کو صحت مند اور محفوظ طریقے سے ادا کیا جا سکے۔