مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ)مسجدالحرام کے امام وخطیب شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے خطبہ حج کے آغاز میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات میں واحد ہے . اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا، انسان کو تقویٰ کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، یہی فلاح و کامیابی کا راستہ ہے .
دنیا کی زندگی کہیں ہمیں دھوکے میں مبتلا نہ کردے
شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ دنیا کی زندگی کہیں ہمیں دھوکے میں مبتلا نہ کردے، جو تقویٰ کا راستہ اختیار کرے گا اللہ اس کی خطاؤں کو معاف کردے گا . جو تقویٰ کا راستہ اختیار کرے گا اللہ اس کو وہاں سے رزق عطا کرے گا جہاں سے وہ گمان بھی نہیں کرسکتا .
اللہ پر بھروسہ اور نماز قائم کی جائے
اللہ کی وحدانیت پر یقین رکھنے کی ہدایت کے بعد شیخ ماہر بن حمد نے کہا کہ اللہ ہر چیز کا مالک وقادرہے، قرآن ہی سیدھی راہ دکھاتا ہے، اللہ پر بھروسہ کرنے والوں کو دنیا و آخرت، دونوں میں کامیابی حاصل ہوتی ہے، اللہ کی وحدانیت اور رسولؐ کی رسالت پر یقین اسلام کا پہلا رکن ہے .
انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن میں کئی مقامات پر نماز پڑھنے کا ذکر کیا ہے، قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ اے لوگوں نماز قائم کرو، اللہ تعالیٰ نماز پڑھنے والوں کے گھروں پر رحمت فرماتا ہے .
زکوۃ اور حقوق العباد
شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے مسلمانوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاحب استطاعت، طاقت رکھنے والے پر حج بیت اللہ لازم ہے، زکوٰۃ ادا کریں، حقوق العباد کا خیال رکھیں، قرآن میں لوگوں کے لیے ہدایت موجود ہے، اسلام کسی کو نقصان پہنچانے کا حکم نہیں دیتا، انسان کو خیر کے راستے پر چلنا چاہیے .
آج دعاؤں کی قبولیت کا دن
امام کعبہ نے کہا کہ جو انسان اللہ کے احکامات کی پابندی کرتا ہے، اس پر رحمتوں کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں . حج کرنے والے کے تمام گناہ مٹا اور ختم کردیے جاتے ہیں . آپ ﷺ عرفات کے میدان میں گئےاور 2 نمازوں کو جمع کیا، پھر آپ ﷺ نے میدان عرفات میں لمبی لمبی دعائیں کیں . آج کے دن دعا کرنے کی بہت زیادہ فضیلت ہے، آج دعا کرنے سے اللہ بہت سارے لوگوں کو معاف فرما دیتا ہے .
اچھے اخلاق والا انسان دنیا میں کامیاب
شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ جس انسان کا اخلاق اچھا ہے وہ دنیا میں کامیاب ہونے والا ہے . وہی کامیاب ہے جو ماں باپ کی خدمت کرنے والا ہے . والدین کا نافرمان نہ دنیا میں کامیاب ہوگا نہ آخرت میں . رشتے داری توڑنے والا اللہ کی رحمت میں داخل نہیں ہوسکے گا . جو رشتے داروں کے ساتھ قطع تعلق کرتا ہے وہ اللہ کی رحمت سے دور ہوتا ہے، انسان کوحج ظلم و ناانصافی کے راستے کو کبھی اختیار نہیں کرنا چاہیے .
فحش کام چھوڑ دیں
شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے کہا ہے کہ مسلمان فحش کاموں کو چھوڑ کر حیا کو لازم پکڑو، اللہ نے شراب ، جوئے اور شرکیہ امور کو حرام قرار دیا ہے . شراب اور جوئے کے نزدیک نہ ہوجاؤ . شراب پینے والے کے تمام اعمال ضائع کردیے جاتے ہیں .
فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کرنے کی اپیل
شیخ ماہر بن حمد نے کہا فلسطین کے مسلمانوں کے لیے دعا کرتا ہوں، فلسطین کے مسلمانوں پر بہت عظیم ظلم ڈھائے جارہے ہیں . انہوں نے دعا کی کہ اللہ حاجیوں کو خیر وعافیت سے ان کے وطن واپس لوٹائے .
اپنے احباب اور والدین کے لیے دعا کریں
امام کعبہ نے کہا کہ حج کے بابرکت موقع پر مسلمان اپنے، اپنے والدین و احباب کے لیے بھی دعا کریں . انہوں نے خادم الحرمین شریفین کی جانب سے حجاج کرام کے لیے بہترین سہولیات پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور ان کے لیے صحت اور تندرستی کی دعا بھی کی ہے .
خطبہ حج کے بعد حجاج نے نماز ظہر اور عصر کی قصر ادا کی، حجاج غروب آفتاب ہوتے ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں نماز مغرب اور عشاء قصر ادا کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں اکٹھی کریں گے . واضح رہے کہ مسجدالحرام کے امام وخطیبشیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے آج خطبہ حج دیا ہے، جو اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا گیا ہے .