گورنر سندھ کامران ٹیسوری 100 اونٹ، 100 بکرے اور 10 بیل کتنے میں خریدے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قربانی کے لیے 100 اونٹ، 10 بیل اور 100 بکرے خرید لیے ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ قربانی کے جانور خریدنے کے لیے کامران ٹیسوری نے 4 کروڑ 40 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بیوپاریوں کے ساتھ باقاعدہ بھاؤ تاؤ کرکے رات گئے فی بیل 10 لاکھ جبکہ فی بکرا 40 ہزار روپے میں خریدا۔ یوں خریدے گئے بیلوں کی قیمت ایک کروڑ روپے بنتی ہے جبکہ بکروں کی قیمت 40 لاکھ روپے بنتی ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےقربانی کے لیے خریدے گئے 100 اونٹ، فی اونٹ 3 لاکھ روپے کے عوض خریدے ہیں، جن کی مالیت 3 کروڑ روپے بنتی ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا تھا کہ وہ بقر عید کے تینوں دن 100 اونٹ اور 10 بیل قربان کریں گے جبکہ 100 بکرے اللہ کی خوشنودی کے لیے مستحقین کو دے دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عید پر ضرورت مندوں کے لیے راشن بھی تقسیم کیا جائے گا۔ عیدالاضحیٰ پر بہت سے لوگوں کو مہنگے قربانی کے جانور خریدنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میں کسی بھی اعتراض کے باوجود عوام کی خدمت جاری رکھوں گا۔