حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر نہیں، پی ٹی آئی کو توجہ دینا ہوگی،فواد چوہدری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آئینی اور سیاسی جنگ پہلے ہی ہار چکی ہے، حکومت کے خلاف سیاسی جماعتیں ایک پیج پر نہیں، پی ٹی آئی کی تمام تر توجہ اپوزیشن اتحاد ہونا چاہیے۔
فواد چوہدری نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ موجودہ حالات بتا رہے ہیں کہ حکومت کسی بات پر نہیں آئے گی کیوں کہ سیاسی جنگ پہلے ہی حکومت ہار چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی توجہ اس وقت اپوزیشن اتحاد پر ہونی چاہیے۔ تحریک انصاف پہلے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کرے حکومت کے ساتھ بعد میں کرے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن، جی ڈی اے، جماعت اسلامی، محمود اچکزی سمیت دیگر سیاسی جماعتیں جب تک اکھٹی نہیں ہوں گی مذاکرات ہوسکتے ہیں نہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ لیڈرشپ کی سیاسی حکمت عملی سامنے نہیں آسکی، عمران خان اور بشری بی بی کتنے عرصے سے جیل میں ہیں لیکن بدقسمتی سے تحریک انصاف کی موجودہ لیڈرشپ کی کوئی سیاسی حکمت عملی سامنے نہیں آ سکی۔ اتنی بڑی عوامی حمایت ہونے کے باوجود جو رزلٹ انا چاہیے وہ نظر نہیں آ رہا ہے۔