خیبر پختونخوا میں لوڈ شیڈنگ کا معاملہ، وفاقی اور صوبائی حکومت ایک بار پھر آمنے سامنے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت اور وفاقی حکومت ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وفاق نے وعدہ پورا نہیں کیا، دوبارہ بات کرنا ہو گی۔
منگل کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وفاق کا خیبر پختونوا کے ساتھ روّیہ ٹھیک نہیں ہے، حکومت انتقام لے رہی ہے پہلے سے کم بجلی مزید کم کر دی ہے وفاقی نے رویہ ٹھیک نہ کیا تو ایک بار پھر بات کرنا پڑے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر خیبر پختونخوا میں بدترین لوڈشیڈنگ کی گئی جس پر وفاقی حکومت جھوٹ اور غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، لیکن بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر ہم چپ نہیں رہیں گے، وفاقی حکومت سے دوبارہ بات کرنا پڑے گی وفاق کو ہمیں جواب دینا ہوگا۔
علی امین گنڈا پور نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کی بجلی پہلے سے کم کردی تھی، جس کا مطلب ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام سے انتقام لیا جا رہا ہے۔
علی امین گنڈا پور وفاق میں بیٹھی حکومت کو فارم 47 کی پیداوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر وفاق کے ساتھ عنقریب دوسری بیٹھک ہوگی، لائن لاسز کے معاملے پر واپڈا کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں لیکن وفاق کی طرف سے ہمارے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا جا رہا ہے۔
لوڈ شیڈنگ پر اسمبلی میں بھرپور احتجاج کریں گے، اسد قیصر
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کےسینیئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ صوبے میں بدترین لوڈ شیڈنگ پر اسمبلی میں بھرپور احتجاج کریں گے۔ پشاور میں بجلی کی مسلسل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج ہیں اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے باعث قربانی کا گوشت خراب ہورہا ہے، ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کا احترام کیا مگر دوسری جانب حدیں پار کر کی جا رہی ہیں، تربیلا ڈیم خیبر پختونخوا کی زمینوں پر بنا لیکن سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ بھی ہمارے صوبے میں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوڈ شیڈنگ اور مہنگی بجلی منظور نہیں اس ظلم کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 27 مئی کو وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر توانائی اویس لغاری نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ہمراہ خیبرپختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر مشترکہ پریس کانفرنس میں مسائل حل کرنے کی بات کی تھی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی اس سے اتفاق کیا تھا۔