امریکی صدر جو بائیڈن کا غیر قانونی تارکین وطن کو شہریت دینے کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی شہریوں سے شادی کرنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو شہریت دینے کا اعلان کیا ہے۔
وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق منگل کو اعلان کی گئی امیگریشن کی یہ نئی پالیسی امریکی شہریوں کے غیرقانونی طور پر امریکا میں مقیم شریک حیات کے لیے مستقل رہائش یا گرین کارڈ کے لیے درخواست کو آسان بنائے گی۔
نئی پالیسی سے قریباً 5 لاکھ جوڑوں اور ایسے 50 ہزار بچوں کو فائدہ ہوگا جن کے والدین نے کسی امریکی شہری سے شادی کی ہو۔ پالیسی سے استفادہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تارکِ وطن 10 یا اس سے زیادہ سال سے امریکا میں مقیم ہو اور 17جون 2024 تک اس کی شادی قانونی طور پر کسی امریکی شہری سے ہوچکی ہو۔
ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کی طرف سے تارکین وطن کی درخواست کے جائزے کے بعد منظور شدہ افراد کے پاس مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے کے لیے 3 سال کا وقت ہوگا۔ اپوزیشن جماعتوں نے امریکی صدر کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے امریکیوں کے حق تلفی قرار دیا ہے۔